کراچی میں امام بارگاہ پر حملہ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو دی جانے والی ڈھیل کا نتیجہ ہے۔ اطہر عمران طاہر
Posted on September 21, 2013 By Noman Webmaster لاہور
لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے گزشتہ روز کراچی میں امام بارگاہ پر ہونیوالے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امام بارگاہوں اور مساجد پر حملہ کرکے بے گناہ اور نہتے مسلمانوں کو شہید کرنا اسلام دشمن عناصر کی کاروائی ہے۔
مساجد اور امام بارگاہوں میں لوگ یاد خدامیں مشغول ہوتے ہیں اور جو نام نہاد مسلمان ان پر حملہ کرتے ہیں اُن کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ اطہر عمران نے مزید کہا کہ عزاداری حضرت امام حسین علیہ السلام ہماری شہ رگ حیات ہے ۔ عزاداری کے خلاف چودہ سو سال سے سازشیں ہو رہی ہیں۔
لیکن ہر دور میں دشمن ناکام ونامراد رہا ہے کیونکہ اس عزاداری کی بانی شریکتہ الحسین حضرت زینب سلام اللہ علیھا ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے قبل امام بارگاہوں کو نشانہ بنانا حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ کراچی میں امام بارگاہ پر حملہ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کو دی جانے والی ڈھیل کا نتیجہ ہے۔ حکومت دہشت گردوں اور انتہاپسندوں سے مذاکرات کی بجائے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔