کراچی: وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صدارت میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ امن و امان کے قیام کے لیے کراچی میں ہونے والے ٹارگٹڈ آپریشن کو جاری رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق گورنر ہاوٴس میں وزیر اعظم کی زیر صدارت سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں سابق صدر صدر آصف علی زرداری، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت پیپلزپارٹی، ایم کیوایم، مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور امن و امان کے قیام کیلئے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر کوئی جرائم پیشہ سیاسی جماعت کا نام استعمال کرے تو کوئی رعایت نہیں دینی چاہئے، دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے کسی اقدام سے گریز نہ کریں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا اجلاس میں کہنا تھاکہ کراچی میرے لئے ایک خاص جگہ ہے اور ہم سب کے ہاتھوں میں ہاتھ ملاکر صورتحال بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ کون ہے جو کراچی کی صورتحال کو بہتر کرنا نہیں چاہتا؟ سب کے کراچی میں اسٹیک ہیں، اگر سب امن چاہتے ہیں تو ہمیں ساتھ بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھاکہ پولیس کی صلاحیتوں میں اضافہ ضروری ہے، ریٹائرڈ فوجیوں کی پولیس میں بھرتی اچھی بات ہے اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دیا جانا چاہئے، موجودہ صورتحال میں مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی میں قیام امن کیلئے ہر قدم کی مکمل حمایت کرے گی اور چاہتے ہیں کہ کراچی میں پہلے جیسا امن واپس آجائے، لیاری سمیت کراچی میں پہلے جیسے حالات نہیں رہے۔