ملتان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسئلے کا حل فوج ، رینجرز یا پولیس کے پاس نہیں۔ بلدیاتی انتخابات کرا کر کراچی میں مضبوط حکومت قائم کی جائے۔
مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پاس پہلے سے کراچی کے مسئلے کا کوئی پلان موجود نہیں تھا۔ وزیراعظم اس وقت گئے جب کراچی میں حالات ہاتھ سے نکلتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی مالک اب کوئی تنظیم نہیں بلکہ وہاں کی عوام ہے اور شہر میں بلدیاتی انتخابات کرا کر حکومت زیادہ سے زیادہ اختیارات لوکل باڈیز کو دے۔ وزیر اعظم کو کراچی کے بعد اب پشاور بھی جانا چاہیئے۔
مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ راجن پور کے ڈاکو سے حکومت مذاکرات کر سکتی ہے تو ملک میں امن کیلئے طالبان سے بھی مذاکرات ہو سکتے ہیں۔