کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے شہر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں کی اسلام آباد اور کراچی میں دو اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی ان ملاقاتوں میں اتفاق کیا گیا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک مشاورتی کمیٹی اور ایک رابطہ کمیٹی بنائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتیں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے ارکان کے درمیان ہوئی ہیں، ملاقاتوں میں کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایڈوائزری کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان ملاقاتوں میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور مئیر کراچی وسیم اختر بھی شریک تھے۔
اس حوالے سے ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مقامی افراد کو مکمل اختیار دیے بغیر کراچی کے مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔