کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں نشتر پارک سے چپ تعزیہ کا جلوس سخت سیکورٹی انتظامات میں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، چپ تعزئیے کا ایک اور جلوس رضویہ سوسائٹی سے بھی نکالا جائے گا۔
کراچی میں ایام عزا کے آخری روز کی مناسبت سے چپ تعزیہ کا جلوس آج صبح نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس اپنے روایتی راستوں، پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، تبت سینٹر، عید گاہ، لائٹ ہاؤس اور بلوٹن مارکیٹ سے ہوتے ہوئے اپنی منزل امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں پہنچے گا۔
جلوس کے اطراف کی سڑکوں کو کنٹینرز، بسیں اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے سیل کر دیا گیا ہے، جلوس کی سیکورٹی کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
پولیس کے چار ہزار آٹھ سو اٹھاسی اہلکاروں کے علاوہ رینجرز کی بھاری نفری بھی جلوس کے ساتھ ہے۔
بلند عمارتوں پر سنائپر شوٹرز تعینات ہیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی تین ٹیمیں جلوس کے روٹ کی سویپنگ کر رہی ہیں۔
آج رضویہ امام بارگاہ سے بھی چپ تعزیہ کا جلوس نکالا جائے گا جو مارٹن روڈ پر امام بارگاہ شاہ نجف پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔