کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہر قائد میں جلسہ، جلوس اور دھرنا دینا عمران خان کا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن وہ اپنے احتجاج کو پرامن رکھیں۔
لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اپنے مؤقف کے حق میں پاکستان کے کسی بھی شہر میں پر امن جلسہ، جلوس اور مظاہرہ کرنا تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت ہر شہری کا جمہوری حق ہے۔
کراچی میں مظاہرہ کرنا عمران خان اور ان کی جماعت کا سیاسی، جمہوری اور آئینی حق ہے اور ایم کیو ایم ان کے اس حق کا احترام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی میں خوشی سے احتجاج کریں لیکن میری اپیل ہے کہ وہ اپنے احتجاج کو پرامن رکھیں اور تحریک انصاف کے پرامن احتجاج پر کسی جماعت کو اعتراض نہیں ہو گا۔