کراچی: دھرنا دینے والے اساتذہ کو پولیس نے دھو ڈالا

Karachi Protest

Karachi Protest

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں دھرنا دینے والے اساتذہ کو پولیس نے پانی سے دھو ڈالا۔ واٹر کینن اور آنسو گیس سے دو خواتین اساتذہ زخمی ہو گئیں 40 سے زائد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اساتذہ نے کل سندھ بھر کے کالجز میں تدریسی عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن کے اساتذہ ترقیوں اور ٹائم اسکیل کے معاملے پر ڈی جے کالج سے پرامن انداز میں ریلی کی شکل میں سندھ سکریٹریٹ پہنچے اور احتجاجی دھرنا دیا۔ 4 گھنٹے خواتین اساتذہ بھی سڑک پر بیٹھی رہیں لیکن ان کے مطالبات سننے یا بات چیت کے لئے حکومت کا کوئی نمائندہ نہیں پہنچا۔ پولیس حکام مظاہرین کو دھرنا ختم کرنے پر اصرارکرتے رہے اور بالآخر ان پر شیلنگ اور پانی کی بوچھاڑ کر دی۔

اساتذہ پانی کے سامنے تو مزاحمت کرتے رہے لیکن ان پر آنسو گیس کی شیلنگ سے منتشر کر دیا گیا۔ اس موقع پر 40 سے زائد اساتذہ کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

سپلا نے اساتذہ پر تشدد کے خلاف کل سندھ بھر کے کالجز میں تدریسی عمل بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ استاتذہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناانصافیوں نے انھیں سڑکوں پر آنے پر مجبور کیا ہے لیکن سندھ حکومت نے اساتذہ پر تشدد کر کے اپنے غیرجمہوری ہونے کا ثبوت دیا ہے۔