کراچی (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واوڈا نیب کے دفتر سے اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ دہلی کالونی کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے۔ تاہم خوش قسمتی سے فیصل واوڈا اس کارروائی میں محفوظ رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے بالکل محفوظ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انھیں دھمکیاں مل رہی تھیں، اس لئے وہ گزشتہ چند روز سے بلٹ پروف گاڑی استعمال کر رہے ہیں۔
اسی وجہ سے وہ دہشتگردی کی کارروائی میں محفوظ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے مسلح افراد پر جوابی فائرنگ کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ امجد صابری والا ایکشن ان کے ساتھ ہو گیا۔ گولیاں کن پٹی پر نشانہ لے کر ماری گئیں۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور نامعلوم نہیں، سب جانتے ہیں کہ حملہ آور کون ہیں۔
کرپشن کے خلاف ثبوت سامنے لا رہے ہیں، اس لئے سب مخالف ہیں۔ ان کے ہمراہ گاڑی میں موجود پی ٹی آئی رہنماء عمران اسماعیل نے کہا کہ حملہ آور چار تھے، جنہوں نے دونوں جانب سے فائرنگ کی تاہم بلٹ پروف کی وجہ سے بچ گئے۔