کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے پلان سی کے تحت کل کراچی بند کرانے منصوبہ بندی کے جواب میں پولیس نے بھی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ کسی کو قانونی شکنی نہیں کرنے دیں گے۔
کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ کراچی میں احتجاج یا جلسہ جلوس کرنا کسی بھی شہری کا جمہوری حق ہے دفعہ 144 کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے کی بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کل 12 دسمبر کو شہر بند کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کوئی شہری اپنی مرضی سے اپنی دکان، دفتر یا کاروبار بند کرنے کا اختیار رکھتا ہے لیکن اس سلسلے میں کسی کو دھونس، دھاندلی یا زبردستی نہیں کرنے دیں گے۔
جلاؤ گھیراؤ یا قانون ہاتھ میں لینے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے 12 دسمبر کے حوالے سے کراچی کے 25 سے زائد مقامات پر احتجاج کرنے کا لائحہ فراہم کیا ہے۔ جس کے تحت شاہراہ فیصل نرسری، کلفٹن تین تلوار، نمائس چورنگی، ملیر، نارتھ ناظم آباد، صدر اور لیاری کے علاقوں میں مرکزی پروگرام ہونگے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس چیف کے مطابق کل شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کل کراچی میں فیصل آباد کے احتجاج جیسی صورتحال نہیں ہوگی۔