کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) شہر قائد کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں قائم کورونا وارڈز مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
سندھ میں جیسے جیسے کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ویسے ویسے سرکاری اسپتال بھی بھرتے جارہے ہیں، کراچی کے کئی سرکاری اور نجی اسپتالوں نے کورونا کے مزید مریض داخل کرنے سے معذرت کرلی ہے اور اسپتال انتظامیہ کورونا کے مریضوں کو واپس بھیجنے پر مجبور ہو گئی ہے۔
اس وقت سول اسپتال میں 58 بیڈز اور 12 وینٹی لیٹرز پر مریض زیر علاج ہیں، ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس 15 وینٹی لیٹرز اور 50 بیڈز پر مریض زیر علاج ہیں، اسی طرح انڈس اسپتال میں 28 بیڈز اور 15 وینٹیلیٹرز پر مریض زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سندھ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے اور یہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار 206 ہو گئی ہے۔