کراچی (عقیل خان) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 68 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست 1947ء کو برصغیر کے مسلمانوں کی انتھک جدوجہد اور بے شمار قربانیوں اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز اور مدبرانہ قیادت کے طفیل ہم علحیدہ مملکت ”اسلامی جمہوریہ پاکستان” کے حصول میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں ان ہی شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حصول کیلئے برصغیر کے ہر حصے کے عوام کی جدوجہد اور قربانیاں ہماری تاریخ کا حصہ ہے جبکہ قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں رہنے والے تمام لوگوں کو آپس میں بھائی چارگی اور یکجہتی کے جذبہ کو فروغ دینا چاہئے کیونکہ بعض نام نہاد عناصر اور ملک دشمن قوتیں اس وقت ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہیں ۔
مگر ہمیں جدوجہد آزادی کے دوران جس جذبہ اور یکجہتی اور بھائی چارگی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے علحیدہ ملک حاصل کیا تھا آج اسی جذبہ کے تحت ہمیں اس ملک کی آبیاری کرنا ہے اور آج کے دن ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تجدید عہد کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں پر کار بند رہتے ہوئے ہم اپنے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج 68 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاک فوج شمالی وزیرستان میں ضرب عضب آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں سے صف آرا ہے، اس آپریشن کے سبب نقل مکانی کرنے والے افراد کو ہماری مدد کی اشد ضرورت ہے۔
آج ہمیں اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے انکی ہر ممکن مدد کرنی ہے کیونکہ ہمارا اتفاق ہی ہماری طاقت ہے اور اسی طاقت کے ذریعے ہمیں اس مشکل گھڑی میں پاک فوج کا بھرپور ساتھ دینا ہو گا، تاکہ وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے۔