کراچی: پولیس کے چھاپے، 4 بھتہ خوروں سمیت 39 گرفتار

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس نے چھاپوں کے دوران چاربھتہ خوروں اور ایک جعلی پولیس اہلکار سمیت 39 افراد کو حراست میں لے لیا، فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ سائٹ کے علاقے بیوہ کالونی میں پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 24 افراد کو حراست میں لے لیا۔

حراست میں لئے جانے والے افراد میں دو مبینہ بھتہ خور بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزموں سے موٹرسائیکلیں اور اسلحہ بھی برآمد کیا۔ سائٹ کے علاقے سے ہی جعلی پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے پولیس کارڈ اور وردیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم سے جعلی دستاویزات اور اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی جعلی مہریں بھی ملی ہیں۔

ادھرمبینہ ٹان میں سرچ آپریشن کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ شرافی گوٹھ میں پولیس نے چھاپہ مارکر مغوی لڑکی کو بازیاب کر کے تین اغواکاروں کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ شاہ فیصل کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

کلفٹن بلاک فور میں پولیس نے ایک فلیٹ پر چھاپہ مارکر مختلف مقدمات میں مطلوب ملزم غلام رسول کو گرفتار کر لیا۔ لیاری کے علاقے بغدادی سے پولیس نے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کر لیا۔ دونوں کا تعلق گینگ وار سے ہے۔ یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت نہ ہو سکی۔