کراچی: ریلوے ٹریک پر دھماکا، 4 افراد زخمی، چار بوگیاں الٹ گئیں

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں گھگھڑ پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد نائٹ کوچ کی 11 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں جبکہ 4 الٹ گئی ہیں جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ اندھیرے کے باعث مسافروں کو متاثرہ بوگیوں سے نکالنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کھگھڑ پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد کراچی سے لاہور جانے والی نائٹ کوچ کی 11 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں جبکہ 4 الٹ گئی ہیں۔ ڈی ایس ریلوے مقصود النبی کے مطابق ٹرین کی 4 بوگیاں حادثے میں الٹ گئی ہیں۔

دھماکے کے بعد پولیس کی نفری اور امدادی ٹیموں کو دھماکے کی جگہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق شہر سے فاصلہ زیادہ ہونے کے باعث امدادی ٹیموں کو دھماکے کی جگہ پہنچنے میں وقت لگ رہا ہے۔

دوسری جانب سے حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کے مسافر اپنی مدد آپ کے تحت متاثرہ بوگیوں سے زخمی مسافروں کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے اندھیرے کے باعث بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے میں مشکلات پیش آ رہی ہے۔