کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رات گئے موسلا دھار بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا مگر شہر کے کئی علاقوں کی بجلی غائب ہو گئی جبکہ سڑکوں پر بھی پانی جمع ہو گیا، کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ رات گئے اچانک شہر کے مختلف علا قوں تیز ہو اؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس سے حبس ختم گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
تیز ہوائوں کے باعث سائن بورڈ گر گئےاور بجلی کی تاریں بھی ٹو ٹ گئیں اور اس کے ساتھ ہی شہر کے متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہو گئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے باعث 5 گرڈ اسٹیشن اور 85 کے لگ بھگ فیڈرز ٹرپ کر گئے اور ایف بی ایریا ، نارتھ کراچی،گلشن اقبال، جیل چورنگی، کھارادر، میٹھادر، گلشن اقبال، سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ بارش کے باعث شہر کی مختلف سڑکوں پر بارش کا پا نی جمع ہو گیاجن میں صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، اردو بازار، گورنر ہاؤس روڈ سمیت کئی اہم شاہرائیں شامل ہیں۔
بارش کے بعد متعدد گاڑیاں خراب ہو گئیں۔ نیول کالونی اور سائٹ ایریا میں گھر کی دیواریں گر نے سے ایک خاتون اوربچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ بفر زون میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہو ئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 6 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی ہے اور بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔