کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کراچی میں طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے اور خدمت خلق فاونڈیشن کے رضاکاروں اور کارکنوں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔ کراچی میں طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کرنے والوں میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر صغیر احمد، یوسف شاہوانی، واسع جلیل اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی شامل ہیں۔
رابطہ کمیٹی کے اراکین نے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر موجود پانی کی نکاسی کیلئے متعلقہ ذمہ داران سے بات کی اور انہیں فوری مشینری لیکر پہنچنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث بند ہوجانے والی گاڑیوں کو دھکا لگا کر محفوظ جگہ پر کیا، بجلی کے گرے ہوئے تاروں اور کھلے ہوئے مین ہولز کے گرد حفاظتی حصار قائم کئے۔
رابطہ کمیٹی کے اراکین نے مختلف بستیوں میں جاکر گھروں میں پانی داخل ہو جانے کے باعث نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرین کو ایم کیوایم کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین بارش کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے گھروں پر بھی گئے اور سوگواران سے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا۔