کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز نے جھگڑتے میاں بیوی پر گولی چلا دی، فائرنگ سے خاوند دم توڑ گیا، خاتون کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد مشتعل شہریوں نے دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دیئے، رینجرز کی گاڑیوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔
ناگن چورنگی پر ذیشان اور صفیہ کی تکرار المناک واقعہ بن گئی۔میاں بیوی کی لڑائی کو رینجرز اہلکار ڈکیتی کی واردات سمجھ بیٹھے اور حقیقت جانے بغیر گولی چلا دی جس سے دونوں زخمی ہو گئے۔ذیشان الدین ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
فائرنگ کا نشانہ بننے والے جوڑے کی شادی چار ماہ قبل ہوئی تھی۔ گھریلو ناچاقی کے باعث دونوں میں طلاق کا کیس بھی چل رہا تھا۔تصفیے کیلئے دونوں ایک دوسرے سے ملنے آئے تھے لیکن ہمیشہ کیلئے بچھڑ گئے۔ واقعہ کے بعد شہری مشتعل ہو گئے اور رینجرز کی گاڑی پر پتھراؤ شروع کر دیا۔علاقے میں دکانیں اور کاروباری مراکز بھی بند ہو گئے، صورتحال کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری بھی طلب کر لی گئی۔
گولی چلانے والے رحم نور نامی اہلکارکو حراست میں لے لیا گیا ہے۔دوسری جانب دندناتے دہشتگردوں نے آج بھی ایم کیو ایم کے دو کارکنوں سمیت چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران متعدد ملزم گرفتار کر لئے، ایک دہشتگرد سے دس کلو بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔
ناظم آباد گول مارکیٹ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا۔دونوں کی شناخت حامد اور خالد کے نام سے ہوئی، دونوں کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا۔ واقعہ کے بعد گول مارکیٹ ناظم آباد میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں بند کر دی گئیں۔گلشن اقبال کے علاقے میں فائرنگ سے خاتون دم توڑ گئی جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے قریب ایک شخص اپنی بندوق سے اتفاقیہ گولی چلنے سے جاں بحق ہو گیا۔پرانا گولیمار میں فائرنگ کر کے دو افراد کو زخمی کر دیا گیا ادھر حسین ڈی سلوا ٹاؤن میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
عثمان آباد سے بھی دو ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔لیاری میں پولیس کارروائی کے دوران دو ٹارگٹ کلرز اور گینگ وار کے کارندوں سمیت آٹھ افراد پکڑے گئے۔پریڈی میں ایک دہشتگرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دس کلو گرام بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔