کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ اور لاشاری گوٹھ میں رینجرز نے کاروائی کرتے ہوئے چار بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا۔
کراچی میں سندھ رینجرز نے مختلف کاروائیوں کے دوران چار خطرناک بھتہ خوروں کو حراست میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردیاں، اسلحہ اور خودکش جیکٹس برآمد کرلی۔ رینجرز حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر رینجرز نے صفورہ گوٹھ اور لاشاری گوٹھ کے علاقوں میں چھاپہ مار کاروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4 بھتہ خوروں کو دھر لیا۔
زیر حراست ملزمان نے شہر میں مختلف تجارتی اور کاروباری افراد سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان اپنی کاروائیوں کے دوران پولیس اور رینجرز کی وردیوں کا استعمال بھی کیا کرتے تھے۔ زیرحراست ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، خودکش جیکٹس اور پولیس اور رینجرز کی وردیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔