کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے کاروائیاں کرکے ڈیڑھ سو سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں 13 مقامات پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 159 ملزمان کو حراست میں لیکر اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق کاروائیاں فیڈرل بی ایریا، رانگڑ پاڑا، علی بروہی گوٹھ، لائنز ایریا، ڈسکو بیکری، ضیا الحق کالونی ،ہریانہ کالونی، گودرا، موسی کالونی، قائدآباد، طارق بن زیاد سوسائٹی، ضیا کالونی اور نارتھ ناظم آباد میں کی گئیں۔
گرفتار ملزمان جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔دوسری جانب ویسٹ زون پولیس نے گزشہ 24 گھنٹوں میں 58 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں 26 مفرور اور اشتہاری بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی۔ ایسٹ زون پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف کاروائیاں کرکے 55 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں تین بھتہ خور، سات اشتہاری، 22 مفرور اور تین مشتبہ افراد شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل، شراب، منشیات اور بجلی کی چوری شدہ تاریں برآمد کر لی گئیں ۔ ساوتھ زون پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف کارروائیاں کرکے 21 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 11 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور شراب برآمد کی گئی ہیں۔