کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے رام سوامی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران پانچ افراد کو حراست میں لے لیا، بلدیہ ٹاؤن میں رینجرز آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد عمران عرف عمر قاری مارا گیا۔ نیپئر کے علاقے میں گینگ وار کا اہم ملزم سہیل ڈاڈا پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
شہر قائد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رامسوامی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کے دوران پانچ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ بلدیہ ٹاؤن میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم سوات گروپ سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد عمران عرف عمر قاری مارا گیا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد بیس سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا ۔ نیپئر کے علاقے میں سی آئی ڈی پولیس سے مقابلے کے بعد گینگ وار کا اہم ملزم سہیل ڈاڈا ہلاک ہوگیا ۔ ملزم کے خلاف قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری ، زمینوں پر قبضہ سمیت دیگر سنگین مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے شرافی گوٹھ میں سہیل ڈاڈا کے قریبی ساتھی کے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر سجنا نامی شخص کو گرفتار کر لیا۔ اڈے سے اسلحہ، دستی بم، کچی شراب کے ڈرم سمیت دیگر منشیات برآمد کی گئیں۔ قلندریہ چوک کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔