کراچی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے رینجرز اختیارات کے حوالے سے سندھ حکومت کی قرارداد کے خلاف پاسپورٹ آفس سے سندھ اسمبلی تک ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے احتجاج کے لئے سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اسمبلی کی شاہراہ کے دونوں دروازے بند کر دئیے اور شرکاء کو آرٹس کونسل کے قریب روک دیا۔
پولیس اور ریلی کے شرکاء میں تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔ ریلی میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کراچی کے امن کے خلاف اور شہریوں کی خواہشات کے منافی ہے، حکومت فوری طور رینجرز اختیارات بحال کرے۔
ریلی کے شرکاء نے حکومت کے خلاف اور رینجرز کے حق میں نعرے بازی کی۔ احتجاج کے دوران اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہا۔ ایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد ریلی کے شرکاء پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔