کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 68 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ، لیاری میں مقابلے کے دوران گینگ وار کا ملزم ہلاک ہو گیا ، مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 19 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیا گیا۔
پٹیل پاڑہ میں سید غلام حیدر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران اڑسٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان سے 2 ٹی ٹی پستول، ایک رپیٹر اور ایک ایم پی فائیو رائفل بھی برآمد ہوئی۔ گلشن اقبال بلاک 7 میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔
کارروائی میں پولیس کی ریپڈ ریسپانس فورس نے بھی حصہ لیا۔ اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کر کے تلاشی لی گئی ، آپریشن میں پانچ ملزموں کو پکڑ لیا گیا ، ادھر لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں رینجرز اور پولیس نے چھاپہ مارا تو گینگ وار ملزموں نے پولیس پر گولیاں برسا دیں۔ جوابی فائرنگ سے گینگ وار کا ایک ملزم ارشد ہلاک ہو گیا۔
دوسری جانب کلفٹن میں پولیس نے مختلف کارروائیوں اور چھاپوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیں۔کلفٹن میں ہی پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران بغیر کاغذات والی 20 موٹر سائیکلیں کو بھی تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔
خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں سر سید پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول ، ایک موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی۔