کراچی، رینجرز اور پولیس کی کاروائیاں، 6 افراد گرفتار،اسلحہ برآمد

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کاروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے مختلف علاقوں سے 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز نے بھی گینگ وار کے 3 ملزمان سمیت کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق لائنز ایریا کے علاقے ابن سینا لائن میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر ایک مکان پر چھاپا مارا گیا۔

پولیس اور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد 6 ملزمان فرار ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مکان سے مختلف اقسام کے ہتھیار اور ایک سیکیورٹی گارڈ کی وردی ملی ہے۔ دوسری جانب سرجانی ٹاون کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

اورنگی ٹاون سے بھی مختلف جرائم میں ملوث تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ادھر رینجرز نے لیاری کے علاقے بکراپیڑی میں چھاپا مارکر 6 افراد کو حراست میں لے لیا، رینجرز ذرائع کے مطابق 3 افراد کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ جمشید کوارٹر میں ٹارگٹڈ کارروائی کرکے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

رینجرز نے گل بہار میں بھی سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا تاہم انھیں ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔