کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے مچھر کالونی اور ڈاکس میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں القاعدہ اور گینگ وار کے دو کارندوں کو ہلاک کر دیا۔
دہشت گردوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان جنگ جاری ہے۔ مچھر کالونی میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں دہشت گرد بلال خان ہلاک ہو گیا۔رینجرز ترجمان کے مطابق دہشت گرد بلال خان کا تعلق القاعدہ اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
بلال خان کامرہ بیس حملے میں ملوث اور خودکش بمبار تیار کرنے کا ماہر ہے۔ ہلاک ہونے والے بلال خان سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوا۔دوسری جانب ڈاکس میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران گینگ وار کا نوروز چانڈیو مارا گیا۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق ہلاک ملزم تیس سے زائد قتل اور بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔