کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں سے 7 ٹارگٹ کلرز سمیت 31ملزم گرفتار کر کے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔
کراچی میں رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 22 ملزموں کو گرفتار کیا۔ چھاپے لیاری، لیاقت آباد، چنیسر گوٹھ، ملیر، نارتھ ناظم، سکندر گوٹھ اور مومن آباد کے علاقوں میں مارے گئے۔ ماڑی پور میں پولیس مقابلے کے بعد سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے تین ٹارگٹ کلرز انجم الحق عرف سہیل، شرف الدین عرف شرفو اور شعیب علی عرف شبو کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو کے مطابق گرفتارملزمان سیاسی جماعت کے تین کارکن، ایک پولیس افسر سمیت 30 افراد سے زائد ٹارگٹ کلنگ کی ورداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزموں کی نشاندہی پر اورنگی ٹاؤن میں ایک مزار کے احاطے میں دفن 2 رائفل، 5 پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔
پولیس نے ایک دوسری کارروائی میں اورنگی ٹاؤن اور ماڑی پور میں اسکولوں سے بھتہ طلب کرنے والے 2 ملزموں کو بھی گرفتار کر لیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کر کے 4 مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں کاتعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے جو کہ سیاسی بینادوں پر قتل کیا کرتے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں بینکوں سے لوٹی جانے والی رقم جرائم پیشہ افراد تخریب کارروائیوں میں استعمال کرتے ہیں جس کے حوالے سے تحقیقات کر رہے ہیں۔