کراچی : رینجرز کی کارروائیاں، ٹارگٹ کلرز سمیت 145 گرفتار

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے کارروائیاں کر کے دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلرز سمیت 145 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ دوسری طرف پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلر اور 4 افغان باشندوں سمیت 70 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔

امن کے دشمنوں اور شہر قائد کا امن تہہ و بالا کرنے والے قاتلوں ، ٹارگٹ کلرز ، دہشت گردوں کے گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے ، جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے سہراب گوٹھ ، گلشن اقبال ، شاہ فیصل کالونی ، اورنگی ٹاؤن ، کورنگی ، نارتھ ناظم آباد اور نیو کراچی میں چھاپے مار کر 145 ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزموں میں دہشتگرد ، ٹارگٹ کلرز ، کالعدم تنظیم کے کارندے اور گینگ وار کے ملزم شامل ہیں۔

ملزموں کے قبضے سے ایس ایم جی رائفلز سمیت دیگر ہتھیار بھی برآمد ہوئے ، دوسری طرف پولیس نے گلستان جوہر میں سرچ آپریشن کرکے 5 ملزموں کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا ۔ پیرآباد میں پولیس نے کارروائی کے دوران 4 افغان باشندوں کو گرفتار کیا جو غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے۔ زمان ٹاؤن میں پولیس نے سرچ آپریشن میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔

گلشن اقبال سے ملحقہ علاقے عیسی نگری میں سرچ آپریشن کے دوران 22 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ نیو کراچی ، خمیسو گوٹھ اور خواجہ اجمیر نگری میں پولیس نے کارروائی کر کے ٹارگٹ کلر سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کیا ۔ پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر عالم زیب عرف گنجا 19 افراد کے قتل میں ملوث ہے۔