کراچی : رینجرز کے ٹارگٹ آپریشن، پانچ ملزمان ہلاک، چار دہشت گرد گرفتار

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز نے گینگ وار ملزمان کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں،جن کے دوران بدنام منشیات فروش شوکت عرف اشوک سمیت 5 ملزمان ہلاک ہو گئے، فائرنگ سے ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا۔

کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں رینجرز نے چھاپہ مارا،اس دوران روپوش ملزمان کی جانب سے رینجرز پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں3ملزمان مارے گئے، جن کی شناخت عمران اور شوکت عرف اشوک کے نام سے کی گئی۔ہلاک ہونے والے ملزمان چنیسر گوٹھ میں منشیات اور جوئے کے اڈوں کے سر پرست تھے جبکہ ان کے خلاف سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات بھی درج تھے۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے بغدادی میں کارروائی کے دوران رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔جوابی کارروائی میں 2 ملزمان ہلاک ہوئے،جن کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، رینجرز ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزموں کا تعلق گینگ وار سے ہے۔سہراب گوٹھ میں کارروائی کے دوران پولیس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی کارروائی کے بعد چار دہشت گرد گرفتار کر لئے، گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے لیاری، صدر، گلشن اقبال ، عزیز آباد سمیت کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اسنیپ چیکنگ سخت کرنے کی ہدایت کی۔