کراچی میں رینجرز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے کے دوران 2 اہلکار شہید

Rangers Official

Rangers Official

کراچی (جیوڈیسک) شیرپاؤ کالونی میں رینجرز اور دہشتگردوں کے درمیان مقابلے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

رینجرز اہلکاروں نے لانڈھی کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں کالعدم جماعتوں کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا اور اس دوران مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شدید زخمی ہوگیا جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوںوں زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

جب کہ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران گولیاں لگنے سے ایک راہ گیر جہانزیب بھی زخمی ہوا جس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت امیر حسن اور رخسار کے نام سے کی گئی ہے جن کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لئے متعلقہ حکام کے حوالے کردی گئی جب کہ رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری نے شیر پاؤ کالونی اور خرم آباد کو گھیرے میں لے کرمتعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔