کراچی: راشن تقسیم کے دوران بھگدڑ،4 ملزمان ضمانت پر رہا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں راشن تقسیم کرنے کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو خواتین کی ہلاکت پر انتظامیہ کیخلاف گلشن اقبال تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا۔ جن کی عدالت میں ضمانت منظور کرلی گئی۔

رمضان کی آمد کے ساتھ ہی فلاحی ادارے غربا کی امداد میں مصروف ہیں۔ راشن ملنے کی امید پر مستحقین کی اتنی بڑی تعداد پہنچ جاتی ہے کہ سانحات رونما ہونے لگتے۔ رضاکار نظم وضبط قائم رکھنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔ لیکن تربیت کے فقدان کے باعث اکثر مجمع بے قابو ہوجاتا ہے۔

گزشتہ روز بھی گلشن چورنگی کراچی میں راشن کی تقسیم کے موقع پر بھگدڑ مچنے سے عظمی اور نصرت نامی دوخواتین جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئیں۔ جاں بحق عظمی کے شوہر الطاف نے راشن تقسیم کرنے والی انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کرایا۔ پولیس نے عباس، ارشاد اور طاہر محمود سمیت چار نامزد ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ جن کو مقامی عدالت میں ضمانت پر رہائی مل گئی۔

راشن کی تقسیم کے دورن بھگدڑ نے کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ مستحقیق کی زائد تعداد کو منظم انداز میں امداد کی فراہمی کیلئے رضا کاروں کی خصوصی تربیت ضروری ہے اور راشن کی تقسیم کسی کھلے مقام پر کی جانی چاہیئے جس میں مقامی انتظامیہ کا تعاون ہونا چاہیئے تاکہ فلاحی ادارے سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔