کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی کے رہنماء عصمت انور محسود نے کہاہے کہ شہر کراچی کے بلدیاتی ادارے عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں رشوت ،اقربا پروری اور لاپرواہی و غفلت کا بازار لگا ہوا ہے انہیں کوئی پوچھنے والا ہی نہیں کراچی کے ضلع بلدیات میں بھاری نذرانے کے عوض 3 ماہ کے لئے ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل کمشنرز کی بندر بانٹ لگی ہوئی ارباب اختیار صوبائی وزیر بلدیات میں کرپشن کا نوٹس لیں اور شہر کراچی کو کرپشن اور مسائل سے عدم توجہی کے باعث تباہ ہونے سے بچائیں ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے رہنماء عصمت انور محسود نے اپنی رہائش گاہ پر ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے کارکنان اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر عصمت انور محسود نے کہاکہ کرپشن اور عوامی مسائل سے رو گردانی کی وجہ سے شہر کراچی مسائلستان بن چکا ہے۔
اگر توجہ نہ دی گئی تو کراچی کھنڈرات میں تبدیل ہوجائے گا عوامی شکایات پر انہوں نے کہاکہ برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر کراچی بارش میں ڈبنے کا خطر پیدا ہوچکا ہے اور کے ایم سی، ڈی ایم سیز صرف کاغذی کاروائی اور زبانی جمع خرچ کررہے ہیں عصمت انور محسود نے کہاکہ علاقائی سطح پر ترقیاتی امور ٹھپ ہے اور صفائی و ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور پانی اور سیوریج کے مسائل سے عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہیں انہوں نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنان سے کہاکہ وہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔