کراچی: مقتول ریحان کے والد نے جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے درخواست دے دی

Rehan

Rehan

کراچی (جیوڈیسک) بہادر آباد میں تشدد سے ہلاک ہونے والے مقتول ریحان کے والد نے جے آئی ٹی تشکیل دینے کے لیے درخواست دے دی۔

مقتول ریحان کے والد نے درخواست آئی جی سندھ ،ڈی جی رینجرز اور محکمہ داخلہ کو ارسال کردی جس میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ قتل، دہشتگردی اور سائبر کرائم ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ 14 سال کے ریحان کو زبیر، دانیال اور اس کے ساتھیوں نے اغواء کیا، مقتول کو رسیوں سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بنائی گئی، ریحان کی ہلاکت سے معاشرے میں خوف و ہراس پھیلا ہے اور واقعے کا مقدمہ قتل خطاء کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

مقتول کے والد نے اپنی درخواست میں واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کی بھی استدعا کی ہے۔

واضح رہےکہ 17 اگست کو کراچی کے علاقے بہادرآباد میں علاقہ مکینوں نے کم عمر ریحان کو تشدد کرکے ہلاک کیا اور ریحان کے ڈکیت ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔