کراچی : مبینہ پولیس مقابلوں میں بھتہ خورسمیت 2 ملزمان ہلاک

Police

Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں میں بھتہ خور سمیت 2 ملزمان مارے گئے، گینگ وارسے تعلق رکھنے والے اور بھتہ خوروں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پاپوش نگرمیں چاندنی چوک کے قریب پولیس مقابلہ ہوا،جس کے دوران علی حیدر عرف علی ایرانی نامی مبینہ ڈکیت مارا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق لیاری میں گینگ وار کے کارندوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

جس کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، گرفتار ملزم کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے ہے، نیو کراچی سیکڑ 11 جے میں پولیس مقابلے کے دوران ایک مطلوب بھتہ خورہ لاک ہو گیا۔

جبکہ نیو کراچی انڈسڑیل ایریا میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فیکٹری سے بھتہ وصول کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، بھتے کی 10 ہزار روپے کی رقم اور پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایس پی کلفٹن عبادت نثار نے بتایا کہ کلفٹن بلاک 9 میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جائے واردات سے ایک موٹر سائیکل اور ایک پستول بھی برآمد ہوئی ہے، جبکہ ایک ملزم فرار ہو گیا۔

ڈیفنس کے علاقے بدر کمرشل میں مقابلے کےدوران ایک ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، ملیر کے علاقے الفلاح میں پولیس کارروائی کے دوران گینگ وار کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، گرفتار ملزمان میں نور آغا عرف گوپی اور وسیم عرف جلاد شامل ہیں۔