کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں جاری شدید گرمی کی لہرسے جاں بحق افراد کی تعداد 150 ہوگئی جب کہ دوسری جانب ایدھی سینٹر کا کہنا ہے کہ سرخانوں میں لاشیں رکھنے کی جگہ کم پڑ چکی ہے۔
قیامت خیز گرمی، بدترین لوڈشیڈنگ اور حبس کے باعث شہر میں جاں بحق افراد کی تعداد 150 ہو گئی، جناح اسپتال میں 85، عباسی شہید اسپتال میں 20، لیاری جنرل اسپتال میں 9 جب کہ سول اسپتال میں 8 اور کے پی ٹی اسپتال میں 2افراد کی لاشیں لائی گئیں، ڈی ہائیڈریشن اورلو لگنے کے باعث متعدد افراد شہر کے مختلف اسپتالوں میں اب بھی زیرعلاج ہیں، گرمی کی وجہ سے صدر پولیس اسٹیشن میں تعینات پولیس ہیڈ کانسٹیبل 50سالہ جاوید لو لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق بیشتر مریض مردہ حالت میں اسپتال لائے گئے اور زیادہ ترہلاکتیں نمکیات اورپانی کی شدید کمی کی وجہ سے واقع ہوئیں ،جناح اسپتال میں ہفتے اور اتوارکی رات تک مجموعی طورپر85اموات کی تصدیق کی ہے.