کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے شوگر ملوں میں کرشنگ شروع ہوتے ہی چینی کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں ہول سیل کے بعد ریٹیل سطح پر چینی کی قیمت 5روپے کمی کے بعد 55 روپے فی کلو ہو گئی۔
سندھ کے شوگر ملوں میں گنے کی کرشنگ شروع ہونے کا چینی کی قیمت پر اثر پڑا ہے۔ کراچی میں ہول سیل اور ریٹیل سطح پر چینی کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں۔
ہول سیلرز کے مطابق ہول سیل سطح پر چینی کی قیمت 56 روپے سے کم ہوکر 52 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ کراچی ریٹیلرز کے جنرل سیکریٹری فرید قریشی نے بتایا کہ چند دن میں ریٹیل سطح چینی کی قیمت 5 روپے کم ہو کر 55 روپے کلو کی سطح پر آپہنچی ہے جس میں مزید کمی کا امکان ہے۔
ادھر ٹی سی پی حکام نے جیو اُردو کو بتایا کہ مقامی شوگر ملوں سے ڈیڑھ لاکھ ٹن چینی خریدنے کے لیے دیا گیا 50 ہزار ٹن کا جاری کردہ ٹینڈر 9 دسمبر کو کھولا جائے گا جبکہ مزید ایک لاکھ ٹن چینی کا ٹینڈر بھی آئندہ ماہ ہی جاری کیا جائے گا۔