کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں پولیس مقابلے کے دوران اہم طالبان کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بارود سے بھری موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدرکے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے رضویہ سوسائٹی میں ایک مکان پرچھاپا مارا۔کارروائی کے دوران گھر میں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔
پولیس نے گھر کو چاروں طرف سے گھیر کر 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ جن میں کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔ دہشت گردوں کی شناخت سید عالم، سید احمد، سید امین، مظفر، ناصر عادل اوراسلام الدین کے نام سے ہوگئی ہے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے گرینیڈ، اسلحہ اور بارود سے بھری موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر موٹر سائیکل میں نصب بم کو ناکارہ بنادیا۔ بی ڈی ایس حکام کے مطابق موٹر سائیکل کے ساتھ 5 کلو وزنی بارودی مواد نصب تھا۔ جسے موبائل فون کے ذریعے اڑانے کامنصوبہ بنایا گیا تھا۔