کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ کراچی پر کسی کوقبضہ نہیں کرنے دیں گے، شہر قائد پر قبضے کی جنگ نے شہریوں کو بنیادی سہولیات سے بھی محروم کر رکھا ہے، پیپلزپارٹی کراچی کو بد حالی میں مبتلا کر کہ وفاق پر اس کا ملبہ ڈال دینا چاہتی ہے، کراچی کا امن پھر سے خراب نہیں ہونے دیں گے، کراچی ہے تو پورا پاکستان ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں کراچی کی شاہراہیں اور مین سڑکیں ناقص میٹیریل کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، بعض مقامات پر سڑکیں دھنس گئی ہیں ، مرکزی شاہراہوں کے علاوہ گلی محلوں میں بھی بری حالت ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہر کی وہ تمام شاہراہیں دوبارہ بنائے جو بارشوں کی وجہ سے ٹوٹ گئی ہیں ، تباہ حال سڑکیں حادثات کا سبب بن رہی ہیں ، جگہ جگہ دھول مٹی اور گردو غبار اڑ رہا ہے جس سے شہر ی شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے خواب غفلت میں ہیں اور کسی کو بھی ٹوٹی ہوئی سڑکیں کی پرواہ نہیں ہے رہائشی و صنعتی دونوں علاقوں میں شاہراہوں کا برا حال ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں ختم ہوتا ہے، تباہ سڑکوں کی وجہ سے کہیں پانی والے ٹینکر الٹ رہے ہیں تو کہیں بسیں لوگوں کے گھروں میں گھس رہی ہیں ہر گزرتے دن کے ساتھ شاہراہوں کی حالت خراب ہو رہی ہے اور کسی کو کراچی کی عوام کے مسائل نظر نہیں آرہے، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ہر سال کراچی کے نام پر اربوں روپے ڈکار جاتی ہے جبکہ ترقیاتی کام صرف کاغذوں میں ہی ہوتے رہتے ہیں اور کاغذی کاروائی میں دکھانے اور لوٹ مار کرنے کے لیئے ایک سڑک کئی کئی بار بنا دی جاتی ہے اور جعلی بل بنا کر عوام کے ٹیکسز کے پیسوں پر عیاشی کی جاتی ہے۔