کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے سفاری پارک کی جھیل میں ڈوبنے والے بچے کی لاش نکال لی گئی۔ 12 سالہ بچہ پاؤں پھسلنے کے باعث سفاری پارک کراچی کی جھیل میں جاگرا تھا۔
کراچی کی سفاری پارک کی جھیل میں گرنے والے 12سالہ عمر نامی بچے کی لاش کو 6 گھنٹوں سے زائد کی جدوجہد کے بعد امدادی ٹیمیں نکالنے میں کامیاب ہوئیں۔
عمر کی تلاش کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری تھا۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ عمر اپنے دوست کے ساتھ کھیل رہا تھا اور جھیل کی گرل چھوٹی ہونے کے باعث گر گیا۔
بچے کے گرنے کی اطلاع ملنے پر پولیس، فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور بچے کی تلاش شروع کردی۔ ایدھی ویلفیئر کی جانب سے ریسکیو بوٹ تیار کی گئی جبکہ ریسکیو ٹیم میں شامل غوطہ خوروں نے بچے کی لاش کو تلاش کرکے نکالا۔