کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے صفورہ چورنگی اور اطراف میں اینٹی انکروچمنٹ سیل نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی پتھارے مسمار کر دیئے۔ ادھر کلفٹن میں بلدیہ عظمیٰ کے اہلکاروں نے غیر قانونی سائن بورڈز اتار دیے۔
اینٹی انکروچمنٹ سیل کے تحت صفورہ چورنگی ، موسمیات اور اطراف کے علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں غیر قانونی پتھارے مسمار کیے گئے جبکہ تجاوزات کے زمرے میں آنے والی کچھ دکانوں کو بھی جزوی طور پر مسمار کیا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موجود تھے۔
بلدیہ عظمیٰ کے اہلکاروں نے کلفٹن دو تلوار اور تین تلوار پر غیر قانونی طور پر لگے سائن بورڈز ہٹالیے ۔ بلدیہ عظمیٰ کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد سائن بورڈز ہٹائے جا رہے ہیں ۔ شہر کے دیگر علاقوں اور سڑکوں پر لگے غیر قانونی سائن بورڈز اور بل بورڈز ہٹا لئے جائیں گے۔