آ ل کراچی جشن سعودیہ اسپورٹس فٹ بال ٹورنامنٹ خیبر مسلم بلدیہ ٹائون نے اپنے نام کر لیا

کراچی: سعودیہ اسپورٹس ملیر کے زیر اہتمام سعودیہ اسپورٹس اسٹیڈیم ملیر میں منعقدہ آل کراچی جشن سعودیہ اسپورٹس فٹ بال ٹورنامنٹ خیبر مسلم فٹ بال کلب بلدیہ ٹائون نے اپنے نام کرلیا ۔ٹورنامنٹ کا فائنل شہر کراچی کی دو معروف اور مضبوط فٹ بال خیبر مسلم بلدیہ ٹائون اور مکران اسپورٹس کے مابین کھیلا گیا ۔فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے نہایت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جسے سخت مقابلے کے بعد خیبر مسلم نے مکران اسپورٹس کو 2-1سے شکست دیدی ۔فائنل میچ کے دوران کھیل کے ابتداء ہی میں مکران اسپورٹس کے نوید نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو کہ پہلے ہاف تک برقرار رہی جبکہ کھیل کے دوسرے ہاف میں خیبر مسلم کے عثمان علی اور اقبال نے یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو آل کراچی فیوریٹ فٹ بال ٹیم کی صف میں لاکھڑا کیا جسے مکران اسپورٹس نے کھیل کے اختتام تک اُتار نہ سکی۔

فائنل ایونٹ کے اختتام پر منعقدہ تقسیم اسناد کی تقریب میں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ساجد احمد اور اسسٹنٹ کمشنر کراچی مشتاق احمد نے فاتح ٹیم خیبر مسلم اور رنر اِپ ٹیم مکران اسپورٹس کے کپتانوں کو ٹرافی پیش کی اس موقع پر ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑی ،فٹ بال آفشل سمیت عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ساجد احمد خان نے کہاکہ ایم کیو ایم فٹ بال سمیت اسپورٹس کے ہر شعبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہے انہوں نے کہاکہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کھیل کے میدانوں کو آباد کیا جائے گا انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کراچی مشتاق احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ کھیل صرف صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا ذریعے ہی نہیں بلکہ کھیل کے ذریعے قیام امن میں بھی مدد حاصل کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہاکہ کھلاڑی امن کے سفیر ہیں انہیں چایئے کے وہ بھائی چارگی اور اتحاد کے فروغ کا ذریعے بنیں انہوں نے فٹ بال کے کھیل کی علاقائی سطح پر فروغ کو قابل احسن قدم قرار دیتے ہوئے شہری انتظامیہ کی جانب سے تعاون اور سرپرستی کا یقین دلا یا ۔تقریب کے اختتام پر چیف آرگنائز ٹورنامنٹ امیر محمد خان نے ہر دلعزیز ایم این اے ساجد احمد اور کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد میں بھر پور تعاون کیا۔