کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں اسکول پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آپریشن، 5 مشتبہ افراد گرفتار جبکہ شہر میں لگے کالعدم تنظیموں کے جھنڈے اتار نے کا بھی آغاز کردیا گیا۔ کراچی پولیس نے گلشن اقبال بلاک 7 میں واقع نجی اسکول پر کریکر حملے کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نجی اسکول پر کریکر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد لی گئی۔ گلستان جوہر، ابوالحسن اصفہانی روڈ، گبول ٹاؤن اور سہراب گوٹھ سمیت 7 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
چھاپوں کے دوران 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، حراست میں لیے گئے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ گلشن اقبال میں اسکول پرحملہ منگل کی صبح کیا گیا تھا اور ملزم باآسانی فرار ہوگئے تھے۔ دوسری جانب سندھ حکومت کے سخت احکامات پر کراچی پولیس جاگ اُٹھی، سخی حسن اور اطراف کے علاقوں سے کالعدم تنظیموں کے جھنڈے اور بینرز اتار دیے گئے۔