کراچی (جیوڈیسک) سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی احتجاجی ریلی پولیس کا لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال، ریلی میں شریک اساتذہ کو پانی سے نہلا دیا گیا۔
کراچی پریس کلب کے باہر بڑی تعداد میں سرکاری سکولوں کے اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔
ان کے مطالبات ہیں کہ اساتذہ کو مستقل کیا جائے، ترقیاں دی جائیں اور سن کوٹے پر عمل کیا جائے۔ دو گھنٹے سے زائد احتجاج کے بعد اساتذہ ریلی کی شکل میں وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب جانے لگے۔
اس دوران پولیس کی بھاری نفری اور واٹر کینن پہنچ گئی۔ اساتذہ جیسے ہی ریلی کی شکل میں پریس کلب سے روانہ ہوئے تو پہلے ان پر واٹر کینن سے پانی کی بوچھاڑ کی گئی اور پھرلاٹھی چارج کیا گیا۔ مظاہرین نے واٹر کینن پر پتھرائو کیا۔
مظاہرین کے پتھرائو سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے وزیر اعلی ہائوس جانے والے راستے بند کر دیئے۔