کراچی: سی ویو پر ریسکیو آپریشن جاری، 19 لاشیں نکال لی گئیں

Karachi Sea View

Karachi Sea View

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سمندر میں ڈوبنے والے افراد کی لاشیں نکالنے کے لیے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، گزشتہ روز سے ابتک 19 افراد کی کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں ۔کراچی میں سمندر کے ساحل پر نہاتے ہوئے ڈیڑھ درجن سے زائد افراد ڈوب گئے تھے، جن کی تلاش کے لیے پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر سے مدد سے سی ویو پر ریسکیو آپریشن کیا جارہا ہے۔

ڈوب کر جاں بحق ہونے کی لاشوں کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ حکومت سندھ نے سمندرمیں نہانے پردفعہ 144کے تحت پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم جب حادثہ رونما ہوا تو اس وقت سی ویو پر اس قانو ن پر عملدرآمد کرانے اور نہ ہی ڈوبنے والوں کو بچانے کے لیے کوئی موجود نہ تھا۔

ڈی آئی جی سائوتھ عبدالخالد شیخ کا کہنا تھا سمندر میں نہاے پر پابندی سے متعلق کوئی نوٹیفیکیشن نہیں ملا۔ جیو نیوز سےگفتگو کر تے ہوئےکمشنر کراچی شعیب صدیقی نے بتایا کہ پابندی کے باوجود لوگوں کو سمندر میں نہانے سے روکنا مشکل ہے کیونکہ کراچی کا ساحل کافی طویل ہے اور پورے ساحل کو نظر میں رکھنا مشکل ہوتا ہے۔

حادثے کے بعدوزیر اعلیٰ سندھ اور شہری انتظامیہ کے نوٹس کے بعد سے سی ویو جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے اور ساحل کو خالی کرانے کے لئے نہ صرف پولیس کی اضافی نفری پہنچی بلکہ ساحل پر جمع ہونے والے لوگوں پر پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا۔عید کے موقع پر ساحل پر تفریح کی غرض سے آنے والے کئی افراد کی زند گی کے چراغ گل ہوگئے، 23 افراد کے ڈوبنے کی رپورٹ تھانہ بوٹ بیسن میں درج کرلی گئی ہے۔