کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے ساحل سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کو نکالنے کیلئے تین روزہ آپریشن کاآغاز کردیا گیا۔
کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز سمندر کی جانب سرک رہا ہے اور جہاز کو کامیابی سے نکالنے کی امید زیادہ ہے۔
کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں۔
کے پی ٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آگیا۔
جہاز کے کپتان کے مطابق جہاز کا ایک اینکر 20 جولائی کو ٹوٹا، جہاز کو فوری برتھ دینے کی درخواست کی کیونکہ ایک اینکر کے ساتھ جہاز سنبھالنا مشکل تھا لیکن برتھ نا دی گئی۔
کپتان نے بتایا کہ بحری جہاز کا دوسرا اینکر 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب رات 1 بج کر 15 منٹ پر ٹوٹا، بحیثیت کیپٹن ایک بج کر 20 منٹ پر ایمرجنسی کال کی، ایمرجنسی کال پورٹ قاسم اور منوڑہ بھی سن رہا تھا لیکن کے پی ٹی کنٹرول نے کوئی مدد نا کی، کے پی ٹی کنٹرول نے افسران کے میٹنگ میں ہونے کا بتایا۔