کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گزشتہ روز دو الگ الگ فرقہ وارانہ حملوں میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے 50 سالہ اشرف اور 30 سالہ حمید ایف سی ایریا میں واقع اپنی دکان پر بیٹھے تھے کہ چار نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔
واقعہ میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوا، جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ دوسری جانب مجلس وحدتِ مسلمین کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق شیعہ مسلک سے تھا اور یہ ایک فرقہ وارانہ حملہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد کے علاقے ایف سی ایریا میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران شعیہ مسلک سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو اسی طرح نشانہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان کے خیال میں ناظم آباد اور گول مارکیٹ کے بعد لیاقت آباد کا ایف سی ایریا بھی اب ایک حساس علاقہ بن چکا ہے، جہاں پر شعیہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ان واقعات کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔