بلدیہ (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے بلدیہ میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران کالعدم انصارالشریعہ کے امیر سمیت 8 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق کالعدم انصارالشریعہ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رئیس گوٹھ میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے گزشتہ رات 11 بجے مشترکہ کارروائی کی۔
اس موقع پر دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ زخمی دہشت گردوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
رینجرز کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں شہریار عرف ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی بھی شامل ہے جو کالعدم انصارالشریعہ کا امیر اور دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ایک اور ہلاک دہشت گرد کی شناخت ارسلان بیگ کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم انصارالشریعہ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ تھا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دیگر دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جن سے متعلق تفصیلات رینجرز کی پریس بریفنگ میں دی جائے گی۔