کراچی: سیکورٹی انتظامات سخت،ریڈ زون میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہنے کے لئے منگل کو سیکورٹی انتظامات اچانک سخت کردیئے گئے، جبکہ سندھ کے تمام ائیر پورٹس پر سیکورٹی بڑھا دی گئی۔

ادھر ریڈ زون میں واقع وزیر اعلیٰ ہاؤس، گورنر ہاؤس، سندھ اسمبلی اور سیکورٹی اداروں کے دفاتر جانے والے راستوں پر ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

ریڈ زون میں گزشتہ اتوار سے ٹریفک کے انتظامات ٹریفک پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کے اہلکاروں نے بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔

خاص کر صبح و شام کے اوقات میں رینجرز کے اہلکار ہی ٹریفک کو کنٹرول کرتے نظر آتے ہیں۔

شاہین کمپلیکس، پی آئی ڈی سی اور گورنر ہاؤس جانے والی سڑکوں اور چوراہوں پر رینجرز اہلکار تعینات ہیں اور ہیوی ٹریفک کے ساتھ ساتھ ہائی روف، ویگن، بس، پک اپ، ٹرک اور لوڈڈ گاڑیوں کو بھی متبادل راستوں سے گزارا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ فیصل اور ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم سے کم رکھنے کے لئےایسا کیا جا رہا ہے۔

اس کے برعکس اعلیٰ سرکاری حکام کو ارسال کی جانی والی ایک رپورٹ کے حوالے سے مقامی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سیکورٹی انتظامات سیکورٹی الرٹ کے پیش نظر سخت کئے گئے ہیں۔ تاہم، سرکاری طور پر اس کی تصدیق یا تردید کے حوالے سے کوئی بیان اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔