کراچی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔
پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ڈی جی رینجرز نے سربراہ پاک فوج کو صوبے بھر کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کراچی قومی معیشت میں انجن کی حیثیت رکھتا ہے، کراچی میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری سے کراچی میں تجارتی سرگرمیاں مثبت انداز میں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔