کراچی (اسٹاف رپورٹر) چہلم حسین کے موقع پر فو ل پروف سیکورٹی اقدامات کے ذریعے شہر میں مکمل امن قائم رکھنے اور عوام کو مکمل تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ چہلم حسین اور بلدیاتی انتخابات سے چند روز قبل رینجرز اہلکاروں اور ملٹری پولیس پر فائرنگ کے واقعات افسوسناک ہی نہیں بلکہ شہر میں نئی دہشتگردانہ لہر اور دہشتگردوں کی موجودگی وفعالیت کا واضح ثبوت ہے جو چہلم حسین پر امن و سیکورٹی اور بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کے حوالے شکوک و شبہات پیدا کرکے عوام کو خوفزدہ و سراسیمہ کرنے کیلئے کافی ہیں جبکہ کچھ حلقے ان خدشات کا اظہار بھی کررہے ہیں استحصالی عناصر کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کو سبوتاژ کرنے اور عوام کی منتخب قیادت کی بجائے منظور نظر افراد کو عوام پر مسلط کرنے کیلئے یہ واقعات ایک منظم سازش کا حصہ ہیں جنہیں صرف ٹریلر کہا جاسکتا ہے اسلئے اگر ٹریلر اس قدر افسوسناک ہے تو پھر پوری فلم کس قدر خوفناک ہوسکتی ہے سیکورٹی اداروں اور محب وطن حلقوں کو اس پر توجہ دینے او ر ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے سیکورٹی مو ¿ثر بناکرشہر میں محفوظ و پر امن فضا کے ذریعے شفاف و غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے اور عوام کو اپنی من پسند سیاسی قوت کے انتخاب کا بھرپور و آادانہ موقع و خود مختاری دینے کی ضرورت ہے۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر)یوم تاسیس کے نام پر سیاسی قائدین کی جانب سے سیاسی و انتخابی مہم چلانے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیرسولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے الیکشن کمیشن سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے اور بلدیاتی انتخابات کو شفاف بنانے کے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ گجراتی سرکار نے یوسی 15پٹیل پاڑہ گارڈن سے رمضان ناتھا کے حمایت یافتہ محمد نواز تنولی پینل کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یوسی 15 پٹیل پاڑہ کے عوام چیئرمین کے امیدوار محمد نواز تنولی ‘ وائس چیئرمین کے امیدوارطاہر اسلام خان جنرل کونسلر کے امیدواران سمیر قریشی ‘ عبدالروف بلوچ ‘ عبدالکریم اور عاطف خان کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں کیونکہ سیاسی جماعتوں پر اعتماد اور ان کے اقتدار نے ہمیشہ عوام سے قربانیاں ہی لی ہیں جبکہ سمیر قریشی جیسے مایہ ناز صحافی کی یوسی 15 پٹیل پاڑہ سے کونسلر کے امیدوار کی حیثیت سے سیاست میں آمد خوش آئند ہے کیونکہ صحافی عوامی مشکلات ومسائل سے آگاہ ہونے کے ساتھ ان کے حل کے راستوں و طریقوں سے بھی مکمل واقف ہوتے ہیں اسلئے عوام سمیر قریشی سمیت معروف سماجی رہنما رمضان ناتھا کے حمایت یافتہ محمد نواز پینل کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں جبکہ شہر کراچی کے عوام مفاد پرست سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی بجائے آزاد امیدواروں کو نمائندگی کا موقع دیکر محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھیں۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی خزانے اور عوام کے امانتی سرمائے سے سیرو تفریح ‘ علاج اور عیاشیاں کرنے والے سیاسی جماعتوں کے قائدین اور قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں و کاروبار بنانے والے حکمران اور ہمیشہ جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام سے ووٹ پاکر عوام کو بھول جانے والے روایتی سیاستدان نہ تو عوام سے مخلص ہیں اور نہ ہی ان کی حالت وحالات میں بہتری چاہتے ہیں۔بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے پاکستان سولنگی اتحاد کی جانب سے جاری شعوری مہم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سولنگی اتحاد کے بزرگ رہنما امیر سولنگی‘ سردار اکرم سولنگی ‘ سردار راحیل سولنگی ‘ سردار شبیر سولنگی ‘ سردار خادم حسین سولنگی و دیگر نے کہا کہ محفوظ و خوشحال مستقبل کیلئے عوام کو اب ان استحصالیوں ‘ منافقوں ‘ لٹیروں اور عوام دشمنوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے ووٹ کے ہتھیار کو ان کیخلاف اور اپنے مفاد میں استعمال کرنا ہوگا جس کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ عوام اپنے اپنے علاقوں میں آزاد حیثیت سے کھڑے ہونے والے سولنگی یا دیگر آزاد امیدواروں کو اپنے ووٹ سے کامیاب بناکرملک و عوام دشمنوں کیخلاف فیصلہ دیکر ان کے احتساب اور انقلاب کی بنیاد رکھیں۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کو لوٹ کر بیرون ملک اثاثے و جائیداد بنانے اور یورپ و امریکہ علاج کیلئے جانے اور بھارت سمیت دشمن ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والے کبھی عوام کے دوست نہیں ہوسکتے اسلئے عوام کو اپنی خواہشات کی تکمیل و آسائشات کے حصول کیلئے قومی وسائل پر قبضے اور سرکاری خزانے کی لوٹ مار کے بعد عالمی مالیاتی اداروں سے قرض کے باجود ہوس پوری نہ ہونے پر عوام پر نت نئے ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنانے والوں سے نجات کیلئے اپنا ووٹ مظلوم قومیتوں اور برادریوں پر مشتمل راجونی اتحاد کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو دیکر محب وطن قوتوں کو کامیاب بنائیں اور اپنے ووٹ کو اقتدار ‘ اختیار ‘ دولت اور رعونت پرستوں کے احتساب اور ان سے نجات کیلئے استعمال کریں ۔یہ بات راجونی اتحاد کے تحت جاری شعوری مہم کے تحت انتخابی اضلاع میں مختلف مجالس واجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل اتحادی جماعت محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی ‘ پاکستان خاصخیلی اتحاد کے سربراہ سردار غلام مصطفی سولنگی ‘ پاکستان سولنگی اتحاد کے رہنما امیر سولنگی ‘ پاکستان مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘پاکستان راجپوت اتحاد کے رہنما عارف راجپوت ‘پاکستان میمن اتحاد کے رہنما عدنان میمن ‘بلوچ اتحاد کے رہنما صدیق بلوچ ‘ پاکستان ارائیں اتحاد کے رہنما اشتیاق ارائیں ‘ پاکستان تنولی اتحاد کے رہنما یحییٰ خانجی تنولی اور نیشنل پیس کمیشن ہیومن رائٹس ونگ کے مرکزی صدر حاجی امیر علی خواجہ و دیگر نے کہی۔