کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما سینیٹر طاہر مشہدی کے مقدمات کی سماعت 26 دسمبر تک جبکہ رئوف صدیقی کے خلاف مقدمات کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کراچی میں ایم کیو ایم کے رہنما طاہر مشہدی کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ ان کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے انتظامات کے مقدمات درج ہیں ۔ عدالت نے تفتیشی افسرکی عدم حاضری پر سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما رئوف صدیقی کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے انتظامات کرنے اور ڈاکٹر عاصم سے دہشت گردوں کا علاج کرانے کا الزام میں مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ تفتیشی افسر ڈی ایس پی خالد نے عدالت کو بتایا کہ میں نے ڈاکٹر عاصم کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے کہ ان کے خلاف ثبوت نہیں ملے ۔
عدالت نے مجھے چالان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے چالان جمع کرانے کا ابھی وقت ہے ۔ مقدمے کا چالان جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کے سامنے پیش کروں گا ۔ بعد میں عدالت نے سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی ۔