کراچی میں شدید بارش، نظام زندگی درہم برہم، حادثات میں 10 افراد جاں

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی کو بھی شدید متاثر کیا ہے ،کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، متعدد علاقوں سے بجلی غائب ہو گئی، جبکہ کرنٹ لگنے اور حادثات کے واقعات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بارش کیا ہوئی کراچی میں مسئلے مسائل شروع ہو گئے، متعدد علاقوں میں سڑکیں ڈوب گئیں ، ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔ شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت شہر کی مختلف سڑکوں پر ابھی تک پانی کھڑا ہے اور نکاسی کا سرکاری بندو بست نظر نہیں آرہا، کلفٹن انڈر پاس میں بھی پانی بھرچکا ہے۔

وہاں سے ٹریفک کا گزرنا اب ممکن نہیں رہا، کئی علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں، بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات سے اموات بھی رپوٹ ہوئی ہیں، آج کی بارش کے دوران 6 بچوں سمیت 10 شہری موت کا شکار ہو گئے۔ کورنگی نمبر ڈھائی، ملیر 15 اور ناظم آباد کے علاقے پاپوش نگر میں کرنٹ لگنے سے تین بچے جاں بحق ہوئے۔ ڈیفنس میں کے ای ایس سی آفس کے قریب کرنٹ لگنے سے راہ گیر بری طرح جل کر ہلاک ہو گیا۔ گلزار ہجری میں رہائشی عمارت شمائل ایونیو کا چھجا گرنے سے تین سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن کے قریب برساتی نالے میں گر کر 2 بچے جاں بحق ہوئے۔ سرجانی ٹاون کے سیف الملوک گوٹھ میں کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ تیز بارش کے دوران گلشن اقبال میں نیپا پل کے قریب سی این جی اسٹیشن کا 70 فٹ لمبا اور 40 فٹ چوڑا شیڈ گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے جبکہ ملبہ اٹھانے کے لیے بھاری مشینری دو گھنٹے بعد پہنچ سکی۔کے ای ایس سی کے سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، شہر کے بہت سے علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی بارش سے پاکستان ریلویز اور پی آئی اے کے شیڈول بھی متاثر ہوئے ہیں، ٹرینوں اور جہازوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہو رہی ہے۔