کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے اصفہانی روڈ پر فائرنگ سے دو رینجرز اہلکار زخمی ہو گئے۔ کورنگی نمبر ایک میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔ ادھر مشرف کالونی سے کالعدم تنظیم کے کارکن سمیت چار مشتبہ افراد کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر رینجرز اہلکاروں نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش تو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس سے پہلے کراچی کے علاقے کورنگی نمبر ایک میں دو گروپوں کے درمیان تصادم سے علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔
واقعے کے بعد مشتعل افراد سڑکوں پر آگئے اور پولیس موبائل اور گاڑیوں پر پتھرائو کیا۔ انہوں نے پولیس موبائل کو آگ لگانے کی کوشش کی جبکہ ایک مکان کو جلا دیا۔ صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کی مزید نفری اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا۔
دوسری جانب پولیس نے مشرف کالونی پانچ سو کوارٹرز میں ٹارگٹڈ آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے کارکن سمیت چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ملزموں کے قبضے سے تین کلاشنکوف، چار بال بم، ایک دستی بم اور تین پستول برآمد کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان بارہ سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے۔